پٹرول بحران سے نمٹنے کیلئے اوگرا اِن ایکشن ،عوام کیلئے اچھی خبر

Ogra,Petrol Crisi,Pakistan Petrol Price

اسلام آباد:پٹرول بحران سے بچنے کیلئے اوگرا نے ایکشن لیتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام عناصر کیخلاف نوٹس لیا جائیگا جو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کرینگے ۔

اوگرا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پٹرول سپلائی کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں ،اوگرا نے تمام مارکیٹنگ کمپنیوں کو بلاتعطل تیل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہمارے پاس یہ اطلاعات آ رہی ہیں کہ چند عناصر پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

ترجمان اوگرا کا کہنا تھا پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور فراہمی میں خلل ڈالنے پر ایکشن لیا جائے گا، ڈیلرز مارجن میں اضافے کے حوالے سے چند عناصر پٹرول کی سپلائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں،اس تمام صورتحال سے نمٹنے کیلئے اوگرا نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ تمام آؤٹ لیٹس پر پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے،اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیمیں فیلڈ میں صورتحال کو مانیٹر کریں گی ۔

ذرائع اوگرا کا کہنا ہے عوام پریشان نہ ہو ں اور افواہوں پر کان نہ دھڑیں ،پی ایس او سمیت دیگر کمپنیز نے پٹرول پمپس کھلے رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے ،اس سے قبل وزارت پٹرولیم نے بھی عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وافر مقدار میں آئل ٹینکرز کو روانہ کر دیا گیا تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا سامنا نہ ہو ۔