لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف مقرر

لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف مقرر
سورس: File

اسلام آباد:لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو چیف آف آرمی سٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کو چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی مقرر کیا گیا ہے۔

نیو نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو چیف آف آرمی سٹاف اورلیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کو چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی مقرر کرنے کی سمری صدر مملکت کو بھجوادی ہے۔ 

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹویٹ کیا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹنٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور لیفٹنٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس بابت سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔

نئے تعینات ہونے والے پاک فوج کے سپہ سالار لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر حافظ قرآن ہیں۔ بہت محنتی ہیں انہوں نے 27 نومبر کو ریٹائر ہونا تھا۔ لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر منگلا میں آفیسرز ٹریننگ سکول پروگرام کے 17ویں کورس کے ذریعے سروس میں شامل ہوئے اور فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ 

لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر اس وقت سے موجودہ چیف آف آرمی سٹاف کے قریبی ساتھی ہیں جب سے انہوں نے جنرل باجوہ کے ماتحت برگیڈیئر کے طور پر فورس کمانڈ ناردرن ایریاز میں فوجیوں کی کمان سنبھالی تھی جہاں اس وقت جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈر 10 کور تھے۔ 

بعد ازاں انہیں 2017 کے اوائل میں ڈی جی ملٹری انٹیلیجنس مقرر کیا گیا اور اگلے سال اکتوبر میں آئی ایس آئی کا سربراہ بنا دیا گیا۔

لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر اس وقت جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ اس سے قبل انہیں گوجرانوالہ کور کمانڈر کے طور پر تعینات کیا گیا تھا جہاں وہ اس عہدے پر دو سال تک فائز رہے تھے۔ 

ستمبر 2018 میں لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر کو 3 سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی لیکن انہوں نے دو ماہ بعد چارج سنبھالا جس کے نتیجے میں لیفٹننٹ جنرل کے طور پر ان کا چار سالہ دور 27 نومبر کو ختم ہونا تھا۔ 

مصنف کے بارے میں