پاکستان دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے ، ورنہ نتائج بھگتنے کو تیار ہو جائے، امریکا

پاکستان دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے ، ورنہ نتائج بھگتنے کو تیار ہو جائے، امریکا

کابل: امریکا ایک بار پھر پاکستان کو آنکھیں دِکھانے لگا.امریکی وزیر خارجہ کہتے ہیں پاکستان  دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے ورنہ  نتائج بھگتنے کو تیار  ہو جائے . اسلام آباد  آنے سے ایک روز پہلے  افغانستان  میں بیٹھ  کر ٹیلرسن پاکستان سے 'ڈو مور' کا مطالبہ کرتے رہے ۔ریکس ٹیلر سن آج کابل سے اسلام آباد پہنچیں گے.امریکی وزیرخارجہ پاکستانی ہم منصب خواجہ آصف کے ساتھ اعلیٰ سیاسی اور عسکری حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے. ریکس ٹلرسن کا بطور امریکی وزیر خارجہ پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے جسے دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کا افغان صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی کے تحت اسلام آباد سے مشروط بات چیت ہو گی .انہوں نے کہا کہ امریکا کو پاکستان  کے استحکام کی فکر ہے اور ہم مستقبل میں ایک مستحکم پاکستان چاہتے ہیں ۔اس دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن پاکستان کی اعلی سول اور عسکری حکام سے ملاقات کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ اپنےاس دورے کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ ان ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور افغانستان میں پاکستان کے کردار پر بات کریں گےٹیلرسن دورہ پاکستان کے بعد بھارت بھی جائیں گے۔