گلالئی کی نااہلی کیلئے دائر عمران خان کا ریفرنس مسترد، رکن اسمبلی رہیں گی

گلالئی کی نااہلی کیلئے دائر عمران خان کا ریفرنس مسترد، رکن اسمبلی رہیں گی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی منحرف رکن اسمبلی عائشہ گلالئی کی نااہلی کے لیے دائر ریفرنس پر فیصلہ سنا دیا گیا۔ عائشہ گلالئی قومی اسمبلی کی رکن رہیں گی۔ الیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کے خلاف عمران خان کی طرف سے نااہلی ریفرنس مسترد کر دیا۔ الیکشن کمیشن میں گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کے ریفرنس کی سماعت ہوئی اور عمران خان کے وکیل سکندر مہمند نے حتمی دلائل دیے جب کہ عائشہ گلالئی بھی الیکشن کمیشن میں موجود تھیں۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے محفوظ کیا ہوا فیصلہ سنا دیا۔ عمران خان کے وکیل نے سپریم کورٹ کے دو فیصلوں کی تفصیلات جمع کراتے ہوئے کہا کہ دونوں فیصلے پارٹی پالیسی سے انحراف کے متعلق ہیں۔

وکیل سکندر مہمند نے کہا کہ عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کر نے کیلئے پارٹی سے مستعفی ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ ٹی وی چینلز پر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر چکی ہیں لہذا گلالئی کو ان حقائق پر ڈی سیٹ کیا جائے۔

گلالئی نے جان بوجھ کر پارٹی پالیسی سے انحراف کیا اور وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد شیخ رشید کو ووٹ نہیں دیا۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر سنگین الزامات لگا کر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان نے گلالئی کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں