2014 کے دھرنے میں 47 کروڑ کی منشیات سپلائی کی گئی، گلالئی کا الزام

2014 کے دھرنے میں 47 کروڑ کی منشیات سپلائی کی گئی، گلالئی کا الزام

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اگر فیصلہ میرے خلاف بھی آتا تو معزز جج صاحبان اور آئینی ادارے کو دھمکیاں نہ دیتی اور یہ بھی نہ کہتی کہ میں سڑکوں پر آؤں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا عمران خان حکومت کو کام کرنے نہیں دے رہے پھر کہتے ہیں معیشت نیچے جا رہی ہے اور دوسری جانب ملک کو دہشتگردی کا سامنا بھی ہے۔ الیکشن کمیشن میں پیش ہو کر اداروں کے احترام کا ثبوت دیا ہے اور اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اس نے مجھے سرخرو کیا۔

انہوں نے کہا نیازی صاحب کو ووٹ دیے لیکن انھوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا تاہم اب لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ کپتان نے ہماری بہن بیٹیوں کا احترام بھی نہیں کیا۔ عائشہ گلالئی نے الزام لگایا کہ عمران خان چار سال تک ملک میں انار کی پھیلاتے رہے اور ڈینگی کے مریض مرتے رہے لیکن انہوں نے خبر تک نہ لی۔ اب این اے 4 کے حلقے میں لوگوں نے کالے جھنڈے لگا دیے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا تمام سیاسی جماعتوں کے جلسوں پر حملے ہو جاتے ہیں لیکن پی ٹی آئی کے جلسے میں پٹاخہ تک نہیں پھٹتا۔ عمران خان چاہتے ہیں کہ نوجوان ہنر اور علم نہیں گالیاں سیکھیں ساتھ ہی انہوں نے الزام دھر دیا کہ 2014 کے دھرنے میں 47 کروڑ کی منشیات نوجوانوں کو سپلائی کی گئی۔

یاد رہے آج الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی منحرف رکن اسمبلی عائشہ گلالئی کے خلاف عمران خان کی طرف سے نااہلی ریفرنس کو مسترد کر دیا۔ فیصلے کے بعد عائشہ گلالئی قومی اسمبلی کی رکن رہیں گی۔

واضح رہے پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر سنگین الزامات لگا کر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان نے گلالئی کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں