عدالت نے شرجیل میمن سمیت دیگر ملزمان کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

عدالت نے شرجیل میمن سمیت دیگر ملزمان کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

کراچی: احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں سابق صوبائی وزیر اور پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن سمیت دیگر ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ آج نیب نے شرجیل میمن سمیت تمام ملزمان کو پولیس اور رینجرز کی سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت پہنچایا جہاں سابق وزیر کو بکتر بند گاڑی میں لایا گیا۔ شرجیل میمن کی پیشی کے وقت احتساب عدالت کے باہر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی۔

شرجیل میمن کے کیس کی احتساب عدالت نمبر ایک میں سماعت ہوئی جہاں ملزمان نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے لیے درخواست دائر کی۔ دوران سماعت شرجیل میمن کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ شرجیل میمن کے وارنٹ گرفتاری چیئرمین نیب اور عدالت نے بھی جاری نہیں کیے پھر بھی انہیں گرفتار کیا گیا اس لیے ان کی گرفتاری غیر قانونی ہے جبکہ ایک اور ملزم منصور راجپوت کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل ہائیکورٹ سے ضمانت پر ہیں پھر بھی انہیں گرفتار کر لیا گیا جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

احتساب عدالت نے تمام وکلا کے دلائل سننے کے بعد شرجیل میمن سمیت دیگر 12 ملزمان کو بھی 4 نومبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے 5 ارب 76 کروڑ سے زائد کی کرپشن کے کیس میں سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد شرجیل میمن کو گزشتہ روز حراست میں لیا تھا جب کہ ان کے ساتھ دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں