سندھ کے لوگوں کا پیسہ سندھ پر خرچ نہیں ہو رہا، عمران خان

سندھ کے لوگوں کا پیسہ سندھ پر خرچ نہیں ہو رہا، عمران خان

کراچی: پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں جو وسائل ہیں اسے لوگوں پر خرچ کیا جائے تو صوبے کے تمام مسائل ہو جائیں لیکن بدقسمتی سے سندھ کے لوگوں کا پیسہ سندھ پر خرچ نہیں ہو رہا اور سندھ کے اداروں میں لوگوں کو میرٹ پر تعینات نہیں کیا جاتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملک میں پانی کا بحران آنے والا ہے ہمیں مل بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔ چھوٹے کسانوں کو پانی نہیں ملتا اور انہیں پانی سے ڈرایا جاتا ہے کہ اگر وہ ان سیاست دانوں کی حمایت نہیں کریں گے تو ان کا پانی بند کر دیا جائے گا۔

عائشہ گلالئی سے متعلق سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کو دیکھ رہے ہیں یہ فیصلہ آئین کے خلاف ہے۔ عائشہ گلالئی نے خود پارٹی چھوڑنے کا کہا اور ان کی ریکارڈنگ بھی موجود ہے اور انہوں نے پارٹی کی ہدایت پر عمل نہیں کیا جبکہ ووٹ بھی نہیں دیا۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے تقاضے جائز ہیں وہ آئین کے تقاضے ہیں جس نے سب کے سامنے استعفیٰ دینے کا کہا وہ پارٹی میں کیسے رہے گی۔ امید رکھتے ہیں الیکشن کمیشن ایسے فیصلے کرے گا جس سے یہ تاثر نہ ملے کہ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے خلاف کھڑا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت عوام کا پیسہ چوری کرنے والوں کو سزا دینے کی بجائے ان کی حفاظت کرتی ہے۔ پچھلے چیرمین نیب بڑے مجرموں کو بچانے کے لیے آئے تھے لیکن اب قوم چیئرمین نیب کی طرف دیکھ رہی ہے اور انہوں نے بہت اچھا قدم اٹھایا کہ ملتان میٹرو بس کا کیس کھول دیا جس میں شہبازشریف ملوث ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں