اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ایک مرتبہ پھر الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا حکم معطل کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف عمران خان کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری کو معطل کر دیا اور کیس کی مزید سماعت 7 نومبر تک ملتوی کر دی۔ بینچ نے اس حوالے سے تمام فریقین کو نوٹس بھی جاری کر دیئے ہیں۔

لارجر بینچ میں سربراہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور دیگر ارکان میں جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل تھے جبکہ عمران خان کی جانب سے بابر اعوان نے دلائل دیئے۔

یاد رہے الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر عمران خان کے 26 اکتوبر کے لئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے وارنٹ کو چیلنج کر رکھا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں