سینیٹ میں نواز شریف کے پارٹی صدر بننے کے حوالے سے بل مسترد ہونا احسن اقدام ہے، شاہ محمود قریشی

سینیٹ میں نواز شریف کے پارٹی صدر بننے کے حوالے سے بل مسترد ہونا احسن اقدام ہے، شاہ محمود قریشی

ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سینٹ میں نواز شریف کے پارٹی صدر بننے کے حوالے سے بل مسترد ہونا احسن اقدام ہے،شرجیل میمن کی گرفتاری سے شفاف احتساب کے عمل کو تقویت ملے گی، احتساب کا کا دائرہ کار مزید وسیع ہوگا، پاکستان نے دہشتگردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں جس کا اعتراف امریکہ کو کرنا ہو گا۔

بہاو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پارٹی صدر بننے کا معاملہ عدالت میں چیلنج کر دیا ہے لیکن اس حوالے سے سینٹ میں بل کا مسترد ہونا احسن اقدام ہے کیونکہ جو شخص پارلیمنٹ کا ممبر بننے کا اہل نہیں اسے پارٹی صدر بھی نہیں ہو نا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن اربوں کی مبینہ کرپشن میں ملوث ہیں جن کی گرفتاری سے شفاف احتساب کے عمل کو تقویت ملے گی اور احتساب کا کا دائرہ کار مزید وسیع ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں جس کا اعتراف امریکہ کو کرنا ہو گا، وزیر اعظم سے بھی امریکہ کے سامنے پاکستان کا موقف درست انداز سے پیش کرنے کی امید رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان کا حقیقی خیر خواہ ہے، افغانستان کے مستقبل سے ہی پاکستان جڑا ہوا ہے جس کیلئے امریکی وزیر کو دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہیں۔