پاکستان خطے میں امن واستحکام اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے اہم ہے:امریکی وزیرخارجہ

پاکستان خطے میں امن واستحکام اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے اہم ہے:امریکی وزیرخارجہ

اسلام آباد:امریکی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے انتہائی اہم ہے،پاکستان پر کی جانے والی تنقید کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ایک مرتبہ پھر انتہائی نچلی سطح پر چلے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن مختصر دورے پر پاکستان پہنچے اور حکام سے ملاقات میں پاکستان کو خطے میں امن واستحکام اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے نہایت اہم قرار دے دیا۔ریکس ٹلرسن نے اسلام آباد پہنچنے کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیرخارجہ خواجہ آصف اور مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہاں سے ملاقات کی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان 'خطے میں امن واستحکام اور گہرے معاشی تعلقات کے مواقع پیدا کرنے کے ہمارے مشترکہ اہداف کیلئے نہایت اہم ہے۔
گذشتہ روز امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ نے بگرام ایئر بیس پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا، جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خطرے سے بچنے کے لیے اپنے علاقائی اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستان سے طالبان کو کمزور کرنے کے لیے کچھ مخصوص درخواستیں کیں ہیں جن پر دورہ اسلام آباد کے دوران پاکستانی قیادت سے بات چیت کی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں ریکس ٹلرسن کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستان سے طالبان اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو موصول ہونے والی حمایت کے خلاف کارروائی سے متعلق مخصوص درخواستیں کی ہیں۔


خیال رہے کہ امریکا کے سیکریٹری اف اسٹیٹ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور تعلقات کی بحالی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل تصور کیا جارہا ہے، جیسا کہ 21 اگست کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی افغان حکمت عملی کے اعلان کے دوران پاکستان پر کی جانے والی تنقید کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ایک مرتبہ پھر انتہائی نچلی سطح پر چلے گئے تھے۔