بھارتی ارب پتی بزنس مین امبانی کی بیٹی کی شادی، امریکی گلوکارہ بیونسے پرفارم کریں گی

بھارتی ارب پتی بزنس مین امبانی کی بیٹی کی شادی، امریکی گلوکارہ بیونسے پرفارم کریں گی
فائل فوٹو

نئی دہلی:بھارتی ارب پتی بزنس مین امبانی کی بیٹی کی شادی میں امریکی گلوکارہ بیونسے پرفارم کریں گی، سنگیت میں پرفارم کرنے کے لیے بیونسے پورے 15 کروڑ بھارتی روپے وصول کریں گی۔


بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کے شعبہ توانائی سے وابستہ ارب پتی بزنس مین مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی منگنی گزشتہ ماہ اٹلی میں منعقد ہوئی تھی۔ایشا امبانی کی منگنی کی تقریب اٹلی میں کومو نامی خوبصورت جھیل کے کنارے منعقد ہوئی جبکہ اس ایونٹ کی سجاوٹ کو اب تک کی سب سے خوبصورت سجاوٹ مانی گئی۔اس منگنی کی تقریب میں امریکی موسیقار جان لیجنڈ اور آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمن نے پرفارم کیا تھا جبکہ بالی ووڈ کی کئی نامور شخصیات نے اس منگنی کی تقریب میں شرکت کی تھی۔خیال رہے کہ ایشا امبانی کی منگنی آنند میرامل نامی بزمین مین کے ساتھ ہوئی، جبکہ ان کی شادی رواں سال 10 دسمبر کو ہوگی۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایشا امبانی کی شادی کی تقریب سے قبل بھارتی شہر ادے پور میں 8 اور 9 دسمبر کو ایک جشن منعقد کیا جائے گا لیکن اس جشن کی سب سے خاص بات یہ ہوگی کہ اس میں کوئی اور نہیں امریکی گلوکارہ بیونسے پرفارم کرنے جارہی ہیں۔ذرائع کے مطابق آنند اور ایشا دونوں ہی اپنے سنگیت میں بیونسے کی جانب سے پرفارمنس کے لیے بیحد پرجوش ہیں،

اب تک سب کچھ فائنل نہیں ہوا تاہم امید ہے کہ امریکی گلوکارہ اس شادی میں پرفارم کرتی نظر آئیں گی اور اگر ایسا ہوا تو یقیناًیہ یادگار ہوگا۔بیونسے کا شمار امریکا کی سب سے کامیاب گلوکاراں میں کیا جاتا ہے اور رپورٹ کے مطابق وہ مکیش امبانی کی بیٹی کے سنگیت میں پرفارم کرنے کے لیے پورے 15 کروڑ بھارتی روپے وصول کریں گی۔