کوئٹہ، نجی اسکول کے باہر فائرنگ، 4 طالب علم زخمی

کوئٹہ، نجی اسکول کے باہر فائرنگ، 4 طالب علم زخمی
زخمیوں میں ایک طالبہ اور تین طلباء شامل ہیں جن کی عمریں 9 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک نجی اسکول کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں 4 طالب علم زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ کے علاقے کلی شابو میں پیش آیا جہاں نجی اسکول کے گیٹ پر موٹرسائیکل سوار نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 4 طالب علم زخمی ہوئے۔


فائرنگ کے بعد حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زخمی طالب علموں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں ایک طالبہ اور تین طلباء شامل ہیں جن کی عمریں 9 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔دوسری جانب پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔