وزیراعظم عمران خان الیکشن جیتنے کے بعد آج اپنے حلقہ انتخاب کا دورہ کریں گے

وزیراعظم عمران خان الیکشن جیتنے کے بعد آج اپنے حلقہ انتخاب کا دورہ کریں گے
کیپشن: Photo by Twitter

اسلام آباد: وزیراعظم کو اپنے حلقے کا خیال آ گیا، عمران خان الیکشن جیتنے کے بعد آج اپنے حلقہ انتخاب کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران چاپری منی ڈیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، ڈیم کی تعمیر سے خٹک بیلٹ کی آٹھ یونین کونسلز کے 87 دیہات اور وانڈھا جات کو پانی میسر ہو گا، جبکہ ایک لاکھ چالیس ہزار باسیوں کو پینے کا پانی بھی ملے گا۔ منصوبے پر مجموعی طور پر تین ارب روپے لاگت آئے گی۔

عمران خان کیڈٹ کالج میں اپنے ورکرز سے خطاب کریں گے، دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب ، وفاقی اور صوبائی وزراء اور سیاسی و سماجی شخصیات بھی اُن کے ساتھ ہوں گی۔

اس سے قبل وزیراعظم نے کہا ہے کہ نواز شریف اور اپوزیشن کے سارے لوگ دشمن قوتوں سے ملے ہوئے ہیں اور جلسوں کے ذریعے فوج اور عدلیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں تاکہ وہ مجھ سے انہیں این آر او دینے کو کہیں، اپوزیشن والے پہلے میرے پیچھے پڑے تھے اب فوج کے پیچھے پڑ گئے ہیں ۔

عمران خان نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانیہ بھی جانا پڑا تو جائونگا ، اقتدار میں آنے کا مقصد اپنے منشور پر عمل درآمد ہوتا ہے ، ملک ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن کے باعث قرضوں میں ڈوب چکا ہے۔ ہمارے سامنے بڑا چیلنج مقروض ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے ، عمران خان نے واضح کیا کہ اپنے نظریئے کیلئے اگر اقتدار چھوڑنا پڑے تو چھوڑ دینگے۔

انہوں نے کہا مسلم لیگ کا سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھاگا ہوا ہے ، جب ان کے بچوں سے متعلق پوچھو تو یہ کہہ دیتے ہیں وہ تو برطانوی شہری ہیں ، مریم نواز خود کہا کرتی تھیں کہ ان کی بیرون ملک کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے، برٹش ورجن کے مطابق برطانیہ میں ان کے چار فلیٹس ہیں ، اس پر کوئی جواب نہیں آیا ،10 سال پہلے کہہ دیا تھا کہ کرپشن چھپانے کیلئے سارے بدعنوان اکھٹے ہونگے۔