مہیش بھٹ ڈان،بالی ووڈ اداکارہ لیونیا لودھ نے ہراسانی کا الزام عائد کردیا

مہیش بھٹ ڈان،بالی ووڈ اداکارہ لیونیا لودھ نے ہراسانی کا الزام عائد کردیا

 ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ ہراسانی کا مرکز بن چکی ہے اور اب اداکارہ لیونیا لودھ نے معروف فلم ساز مہیش بھٹ پر ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے اْنہیں فلم نگری کا سب سے بڑا ڈان قرار دے دیا ہے۔


میڈیا رپورٹ کے مطابق لیونیا لودھ کی تقریباً 2 منٹ کی ویڈیو نے بالی ووڈ میں ڈرگ اسمگلنگ اور اداکاروں کے استعمال سے متعلق نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔29 سالہ اداکارہ نے اپنی اور اپنی فیملی کے تحفظ کیلئے بنائی گئی ویڈیو میں کئی بڑے انکشافات کیے، جن میں سے ایک یہ ہے کہ وہ مہیش بھٹ کے بھتیجے سْمت سبھروال کی بیوی ہیں اور انہوں نے اس سے طلاق کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔


انہوں نے کہا کہ سْمت سبھروال سپنا پبی اور امائرہ دستور جیسی کئی اداکارائوں کو منشیات فراہم کرتا ہے، میرے شوہر کی ان تمام حرکتوں سے مہیش بھٹ بخوبی واقف ہیں۔


لیونیا لودھ نے کہا کہ بالی ووڈ کا سب سے ’بڑا ڈان‘ مہیش بھٹ ہے، جو انڈسٹری کا پورا سسٹم چلاتا ہے، اگر آپ اس کے قوانین پر عمل نہیں کرتے تو آپ کی زندگی مشکل بناتا ہے، اس نے کام سے نکلوا کر کئی لوگوں کی زندگیاں برباد کردیں، اس کے ایک فون پر لوگ اپنی ملازمت کھو دیتے ہیں۔


اداکارہ نے کہا کہ جب سے میں نے مہیش بھٹ کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے، تب سے وہ مجھے دھمکیاں دے رہا ہے، میرے گھر میں داخل ہونے اور مجھے یہاں سے بے دخل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔


لیونیا لودھ نے اپنی ویڈیو کے آخر میں کہا کہ اگر میرے یا میری فیملی کے ساتھ کچھ بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے تو اس کے ذمے دار مہیش بھٹ، مکیش بھٹ، سْمت سبھروال، ساحل سہگل اور کم کم سہگل ہوں گے۔


انہوں نے کہا کہ لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ تمام لوگ بند دروازوں کے پیچھے کیا کرسکتے ہیں، خاص طور پر مہیش بھٹ جو انتہائی طاقتور اور بااثر ہیں۔لیونیا لودھ نے ہمیش ریشمیا کے مقابل 2010ء میں کجرارے فلم سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا جو پوجا بھٹ نے ڈائریکٹ کی تھی۔