گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں عالمی وبا سے 4 مریض انتقال کر گئے

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں عالمی وبا سے 4 مریض انتقال کر گئے
کیپشن: صوبہ بھر کے 304 وبا کے کیسز میں 244 نئے کیسز کا تعلق کراچی سے ہے، وزیر اعلیٰ سندھ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں عالمی وبا سے متاثر مزید 9374 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ جن میں  سے وبا کے 304 نئے کیسز سامنے آئے۔ بیان میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں وبا کے مزید 162مریض صحتیاب ہوگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں وبا کے باعث مزید 4 مریض انتقال کر گئے جس سے صوبہ بھر میں وبا کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 2598 ہو گئی ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ مختلف اسپتالوں میں وبا سے متاثر 253 مریض زیرعلاج ہیں۔ ان میں سے 152 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے،جبکہ اس وقت وبا کے 18 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔وزیر اعلیٰ کے مطابق صوبہ بھر کے 304 وبا کے کیسز میں 244 نئے کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں عالمی وبا پھر بے قابو ہو گئی ہے۔ وبا کے مثبت کیسز کا تناسب  مسلسل بڑھنے لگا ہے اور 24گھنٹے کے دوران 847  نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا کے 847 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 3  لاکھ 27 ہزار 63 ہو گئی اور مزید 12 افراد انتقال کر گئے۔ اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 727 ہو گئی۔

اس وقت فعال کیسز کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہے جبکہ 3 لاکھ 10 ہزار 101 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ 

پنجاب میں ایک لاکھ دو ہزار 467، سندھ میں ایک لاکھ 43 ہزار 222، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 923، بلوچستان میں 15 ہزار 791، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 148، اسلام آباد میں 18 ہزار 764 جبکہ آزاد کشمیر میں 3 ہزار 748 کیسز رپورٹ ہوئے۔