جمشید اقبال چیمہ کا دسمبر تک این اے 133 کی عوام کو ہیلتھ کارڈ دینے کا اعلان

Jamshed Iqbal Cheema, health cards, people, NA-133, December, PTI government

لاہور: این اے 133 ضمنی الیکشن کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے دسمبر تک پورے حلقے کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ دینے کا اعلان کر دیا ۔

کوٹ لکھپت قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں این اے 133 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں پی ٹی آئی کارکنان کے اعزاز میں ناشتے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں پی ٹی آئی امیدوار جمشید اقبال چیمہ ، سینیٹر اعجاز چوہدری ، ولید اقبال سمیت این اے 133 سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی اے کے عہدیداران اور کارکنان شریک ہوئے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ قائد اعظم نے پاکستان کو پہلی اور عمران خان نے پاکستان کو دوسری بار آزادی دی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے 193 ملکوں میں سب سے سستا ملک ہے ۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے کورونا کے دوران ڈیڑھ کروڑ گھرانوں کو خاموشی سے پیسے دیئے تھے ۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ 15 دسمبر سے پہلے حلقے میں سو فیصد لوگوں کو ہیلتھ کارڈ مل جائے گا جبکہ ایک ہفتے کے دوران حلقے کے 40 فیصد مستحق گھرانوں کو احساس کارڈ دیا جائے گا جس کے ذریعے انہیں آٹا ، گھی اور چینی سستے داموں ملیں گے ۔

تقریب سے سینیٹر اعجاز چودھری اور سینیٹر ولید اقبال نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اس وقت عمران خان کی قیادت میں ملک درست سمت کی طرف گامزن ہے ، لوگوں کا اعتماد عمران خان پر ہے ، این اے 133 میں پی ٹی آئی کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ کو ہی کامیابی ملے گی ۔