گیس کے بعد اب بجلی مزید مہنگی،ٹیرف میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کی تیاری

گیس کے بعد اب بجلی مزید مہنگی،ٹیرف میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کی تیاری
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے نئے پاکستان میں عام آدمی کو ایک اور جھٹکا دیتے ہوئے گیس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافے کی تیاری پکڑ لی ہے جبکہ ٹیر ف میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ اضافہ بڑھتے ہوئے گردشی قرضے کے خلاف معمولی ٹھہراؤ پیدا کر سکے گا۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا دو نکاتی ایجنڈے پر اجلاس ہوا جس میں بجلی کے ٹیرف اور ایل این جی ٹرمنل کے امور زیر بحث آئے۔


گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں مجموعی طور پر 3 روپے 90 پیسے اضافہ ہوگا، بجٹ میں بجلی پر دی جانے والی سبسڈی کو مدنظر رکھا جائے تو اس کے باوجود بھی گھریلو صارفین اوسطاً 2 روپے فی یونٹ اضافی دینے پر مجبور ہوں گے اور مذکورہ اضافے سے 200 ارب روپے قومی خزانے میں جمع ہو سکیں گے۔نیپرا نے واپڈا کی 10 سابق ڈسٹربیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کے لیے فی یونٹ ٹیرف اوسطاً 11 روپے 50 پیسے سے بڑھا کر 15 روپے 45 پیسے کرنے کی تجویز دی ہے۔

تازہ ترین اضافے میں ڈسکوز کے صارفین پر تقریباً 2 روپے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا۔خیال رہے کہ نیپرا اور پاور ڈویڑن کی جانب سے ملنے والی بریفنگ کے بعد وزیر اعظم عمران خان پہلے ہی ڈسکوز کے بیس ٹیرف میں اضافے کی اجازت دے چکے ہیں، جو بجلی کے ٹیرف میں 2 روپے فی یونٹ ہوگا اور اس سے مجموعی طور پر 200 ارب روپے کا حصول ممکن ہوگا۔

قبل ازیں گزشتہ ہفتے گیس کی قیمتوں میں تقریباً 143 فیصد اضافے کے بعد وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا تھا کہ ان کی وزارت سابقہ حکومت کے دور میں ایل این جی سے متعلق فیصلوں سے مطمئن نہیں ہے۔