قیصر نظامانی این اے 247 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار

قیصر نظامانی این اے 247 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار
کیپشن: image by facebook

کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247 کی نشست خالی ہونے پر ضمنی انتخابات میں معروف اداکار قیصر خان نظامانی کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔

خیال رہے کہ رواں برس 24 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں این اے 247 سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عارف علوی جیتے تھے۔

اس حلقے میں عارف علوی کا پیپلز پارٹی،متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان، پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) اور پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کے امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 22 امیدواروں سے مقابلہ ہوا تھا۔

عارف علوی کے مقابلے میں ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل، فوزیہ قصوری، عبدالعزیز میمن اور جماعت اسلامی (جے آئی) محمد حسین محنتی میدان میں اترے تھے۔

عارف علوی نے 91 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم بعد ازاں حکمراں جماعت نے انہیں صدر مملکت بنایا، جس وجہ سے انہیں اپنی جیتی ہوئی سیٹ چھوڑنی پڑی۔

اب اسی سیٹ پر ضمنی انتخابات ہوں گے، جس کے لیے سیاسی جماعتوں نے اپنا کام شروع کردیا ہے ،  اس حلقے سے اس بار پیپلز پارٹی نے کسی منجھے ہوئے سیاستدان کے بجائے معروف اداکار قیصر خان نظامانی کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔