پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو مسترد کر دیا

پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو مسترد کر دیا
کیپشن: عالمی برادری کو بھارت کو ماحول مزید کشیدہ کرنے والے اقدامات سے روکنا ہو گا، ترجمان دفتر خارجہ۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے بالا کوٹ میں دہشتگردوں کے کیمپوں سے متعلق بھارتی آرمی چیف کے الزامات کو مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت جھوٹ کا سہارا لیکر کشمیریوں پر ظلم و ستم سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسے بیانات کا سہارا لے رہا ہے۔ بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے اور ریاستی دہشت گردی کو چھپانے میں کامیاب نہیں ہو گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی اقدامات خطے کے امن اور استحکام کیلئے خطرہ ہیں اور عالمی برادری کو بھارت کو ماحول مزید کشیدہ کرنے والے اقدامات سے روکنا ہو گا۔

ڈاکٹر فیصل کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے لانے کی مہم کامیاب رہی اور 50 سے زائد ممالک نے مشترکہ اعلامیے میں کشمیر سے کرفیو ہٹانے۔ پیلٹ گن کا استعمال ترک کرنے اور حریت رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کامیاب مہم کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والے پیغامات کو مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہیومن رائٹس کونسل کا اعلامیہ ارکان کی مشترکہ آواز ہے۔

ترجمان کے مطابق ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں کوئی ووٹنگ نہیں ہوئی اور ایسی تمام قیاس آرائیاں جھوٹی ہیں جبکہ پاکستان کی کوششوں سے ہیومن رائٹس کونسل میں کشمیر کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھی کشمیر کے معاملے کو اسی طرح اجاگر کرے گا۔