نواز شریف کی تقریر نے انہیں مکمل طور پر ایکسپوز کر دیا، فیاض الحسن چوہان

نواز شریف کی تقریر نے انہیں مکمل طور پر ایکسپوز کر دیا، فیاض الحسن چوہان

راولپنڈی: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی تقریر نے انہیں مکمل طور پر ایکسپوز کر دیا ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اداروں کے درمیان فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ملک دشمن عناصر پاکستان میں انتشار چاہتے ہیں۔ اس وقت پاکستان میں امن پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت ہے۔ مسلح افواج نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں نواز شریف بانی متحدہ کی صورت میں نظر آئے۔ ان کی تقریر میں اداروں کو ٹارگٹ کیا گیا۔ لگ رہا تھا جیسے کسی بھارتی ایجنسی کا بندہ بول رہا ہے۔ نواز شریف کی تقریر نے انہیں مکمل طور پر ایکسپوز کر دیا۔

فیاض الحسن چوہان بولے کہ پہلے ہی کہا تھا جس کام میں مریم صفدر ہاتھ ڈالیں گی رسوائی ہوگی۔ اے پی سی بھی ففتھ جنریشن وار کا شاخسانہ قرار پائی۔ اے پی سی میں اداروں کو براہ راست ٹارگٹ کیا گیا۔ میڈیا پر تقریریں کرنے والے عدالتوں کا سامنا کرنے سے گھبراتے ہیں۔ بیگم صفدر اعوان جتنا بولیں گی اتنی جگ ہنسائی انہیں اٹھانی ہوگی۔

انہوں نے اپوزیشن لیڈر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف صاحب! لوگ آپ کا پہاڑہ سن سن کر تنگ آ چکے ہیں۔ آپ کی گزشتہ روز کی نیوز کانفرنس بھی عجیب وغریب تھی۔ آپ نے الزام عائد کیا کہ میری گرفتاری عمران خان کی خواہش ہے۔ اب قوم آپ کے جھانسے میں نہیں آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا احتسابی اداروں کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ چیئرمین نیب کی تقرری شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ نے کی۔ ایک چپڑاسی بھی ہمارے دور میں بھرتی نہیں کیا گیا۔ تمام بھرتیاں آپ نے خود اپنے دور میں کیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان میں 2018 کا الیکشن سب سے شفاف الیکشن تھا۔ وزیراعظم نے اپنے کسی رشتہ دار کو انتخابی ٹکٹ نہیں دیا۔ عمران خان ملک میں حقیقی جمہوریت کے نفاذ کیلئے کوشاں ہیں۔ دنیا میں کہیں ایسا نہیں کہ پارلیمانی جمہوریت میں خاندان شامل ہوں۔ جمہوریت کے اندر خاندانی سیاست بھی نہیں ہوتی۔