حکومت کچھ بھی کر لے اب عوامی مزاحمت کو نہیں دبا سکتی:بلاول بھٹو 

 حکومت کچھ بھی کر لے اب عوامی مزاحمت کو نہیں دبا سکتی:بلاول بھٹو 

اسلام آباد:چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نیب کی جانب سے مولانا فضل الرحمن کو نوٹس بھیجے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نیب کے ذریعے اپوزیشن کے سیاستدانوں کو دبا میں لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 پی ٹی آئی حکومت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بوکھلاکر نیب کو استعمال کر رہی ہے۔ اے پی سی کے بعد سیاسی رہنمائوں کو نیب کے نوٹس بھیجنے سے حکومتی عزائم کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔

  بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کچھ بھی کر لے اب عوامی مزاحمت کو نہیں دبا سکتی، جے یو آئی کے سربراہ کے خلاف حکومت نیب کے ذریعے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے۔ اس کے علاوہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سب سے پہلے 1974میں گلگت بلتستان میں اصلاحات کو متعارف کرایا تھا اور گلگت بلتستان سے ایف سی آر اور را ج شاہی کو ختم کیا تھا۔

 چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ 1994 میں گلگت بلتستان کو محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے پہلا لیگل فریم ورک آرڈر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے2009میں گلگت بلتستان کو نام دے کر یہاں کی اسمبلی کو بااختیار بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 2018کے منشور میں گلگت بلتستان کو مزید حقوق دینے کا وعدہ کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کا اس لئے مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ یہاں کے لوگ اپنا مستقبل خود طے کر سکیں۔ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان میں 2020 کے انتخابات 2018والے الیکشن کی بنیاد پر ہی لڑے گی۔ یہ وقت ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے خوابوں کو تعبیر ملے۔