نیپرا کا بجلی ایک روپے 62 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنیکا فیصلہ

نیپرا کا بجلی ایک روپے 62 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنیکا فیصلہ
فیصلے کا اطلاق کے الیکڑک صارفین پر نہیں ہو گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: نیپرا نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کی تیاری کر لی۔ بجلی صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔ نیپرا نے بجلی ایک روپے باسٹھ پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔ صارفین پر 165 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔


نیپرا نے اکتوبر 2019ء سے مارچ 2020ء تک کے دو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق بجلی ایک روپے باسٹھ پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

نیپرا نے مالی سال 2019-20ء کی دوسری سہ ماہی یعنی اکتوبر سے دسمبر کیلئے صارفین پر 73 ارب روپے اور تیسری سہ ماہی جنوری سے مارچ کی مد میں 91 ارب 80 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی منظوری دی۔

نیپرا کی بجلی مہنگی کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد حکومت کی جانب سے نوٹفیکیشن کے بعد ہوگا۔ فیصلے کا اطلاق کے الیکڑک صارفین پر نہیں ہو گا۔ یاد رہے کہ نیپرا نے اس حوالے سے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔