بجلی کی پیدواری قیمت 60 فی صد تک بڑھ گئی

بجلی کی پیدواری قیمت 60 فی صد تک بڑھ گئی

اسلام آباد: پاکستان میں بجلی کی پیداواری لاگت 60 فی صد تک بڑھ چکی ہے ۔ پیداواری لاگت میں اضافے کی وجہ ڈیزل ، فرنس آئل ، کوئلہ ،ایل این جی اور گیس سے بجلی بنانا ہے ۔ 

 تفصیلات کے مطابق  گزشتہ ایک سال میں بجلی کی پیداواری لاگت میں 6 روپے 42 پیسے فی یونٹ تک اضافہ ہوا۔ ایک سال میں ڈیزل پر بجلی کی پیداواری لاگت 3 روپے19 پیسے فی یونٹ بڑھی۔ ڈیزل سے فی یونٹ کی لاگت 19.43 روپے سے بڑھ کر 22.62 روپے تک پہنچ گئی ۔

پچھلے سال کی نسبت  قدرتی گیس سے گزشتہ ماہ 62 پیسے فی یونٹ مہنگی بجلی پیدا کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ایک سال میں ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 6 روپے 42 پیسے فی یونٹ بڑھ گئی۔ ایل این جی سے بجلی کا یونٹ 7.02 روپے سے مہنگا ہو کر 13.44 روپے میں پیدا ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں اس سال اگست میں فرنس آئل سے 6 روپے مہنگی بجلی پیدا ہوئی۔ فرنس آئل کے فی یونٹ کی لاگت 12 روپے 23 پیسے سے بڑھ کر 18 روپے 24 پیسے ہو گئی۔ کوئلہ سے بجلی کے فی یونٹ کی پیداواری لاگت 6.03 روپے سے بڑھ کر 9.03 روپے ہو گئی۔

ایران سے درآمدی بجلی کے نرخوں میں بھی 2 روپے 14 پیسے تک اضافہ ہوا۔  اگست 2020 میں ایران سے فی یونٹ 10.21 روپے اب 12.35 روپے میں درآمد کیا۔