پیسہ بولتا ہے ، پاکستان کو انکار لیکن بھارت جانے پر سب راضی ہوں گے ، کرکٹر عثمان خواجہ

پیسہ بولتا ہے ، پاکستان کو انکار لیکن بھارت جانے پر سب راضی ہوں گے ، کرکٹر عثمان خواجہ

آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کرکٹر عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ٹور سے انکار کردیا گیا لیکن بھارت جانے سے کوئی بھی ٹیم انکار نہیں کرے گی  کیونکہ پیسہ بولتا ہے ۔ پاکستان کو انکار آسان اور بھارت کو مشکل ہے۔

آسٹریلین میڈیا سے گفتگو میں پاکستانی نژاد کرکٹر عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی طرف سے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا گیاہے جو افسوسناک ہے ۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے لئے گرانقدر اقدامات کئے ہیں اور کئی دفعہ یہ ثابت کیا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے ۔ مجھے لگتا ہے کہ کھلاڑیوں اور اداروں کے لیے پاکستان کو انکار کرنا بہت آسان ہے، کیونکہ یہ پاکستان ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ  میرا خیال ہے کہ اگر پاکستان کی جگہ  بنگلہ دیش بھی ہوتا تو اس کے ساتھ بھی یہی کچھ ہوتا، لیکن کوئی بھارت کو انکار نہیں کرے گا، چاہے وہاں بھی اسی طرح کی صورتحال کیوں نہ ہو ۔

آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے کہا  کہ  پیسہ بولتا ہے اگر  ایسی صورتحال بھارت میں ہو تو  کوئی بھی ٹیم وہاں جانے سے انکار نہیں کرے گی ۔ 

کرکٹر عثمان خواجہ نے مزید کہا کہ پیسہ کرکٹ  کا بڑا حصہ ہے پاکستان وقت کے ساتھ ساتھ بار بار اپنے ٹورنامنٹس سے ثبوت دے چکا ہے  کہ ان کے پاس کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک محفوظ جگہ ہے، میرا خیال ہے کہ ایسی کوئی وجہ نہیں جس کی وجہ سے ہمیں وہاں واپس نہیں جانا چاہیے'۔

عثمان خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں بہت اچھی سیکورٹی ہے وہاں پر کھیل کے لئے گراؤنڈ محفوظ ہیں اگر آسٹریلیا پاکستان جاتی ہے تو اس سفر سے مجھے خوشی ہوگی ۔ 

انہوں نے کہا کہ  پی ایس ایل کے دوران لوگوں سے اس بارے میں بات کر رہا تھا، انہوں نے مجھ سے یہی کہا کہ دس سال قبل شاید ایسا نہ ہوتا لیکن اب 100 فیصد کھیل کے میدان محفوظ ہیں  ۔