خیبرپختونخواہ کا وفاق کو سیکیورٹی فورس فراہم کرنے سے انکار

خیبرپختونخواہ کا وفاق کو سیکیورٹی فورس فراہم کرنے سے انکار

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے وزیر شوکت یوسفزئی نے وفاق کو سیکیورٹی فورس فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ اسلام آباد کیلئے سیکیورٹی مانگ رہے ہیں، اسلام آباد میں کون سے دہشت گرد آرہے ہیں جن کیلئے سیکیورٹی طلب کی جا رہی ہے؟ 
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری سیکیورٹی ہمارے صوبے کیلئے ہے، وفاق کو نہیں دیں گے، خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں اس لئے سیکیورٹی کی زیادہ ضرورت یہاں ہے، صوبے کی سیکیورٹی ہم خود کر رہے ہیں، وفاق نے کوئی مدد نہیں کی۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے چند روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کیلئے صوبوں سے پولیس مانگی ہے، اگر صوبوں نے پولیس فراہم نہ کی تو ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی جانب سے پولیس فورس مانگنے پر سندھ حکومت نے مجموعی طور پر 3 ہزار اہلکاروں کو وفاقی دارالحکومت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور ابتدائی طور پر آئی جی سندھ کے احکامات پر 400 اہلکاروں کو وفاق میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ میں سیلاب کے باعث اہلکاروں کو اسلام آباد بھیجنے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سندھ پولیس کو نفری کی کمی بھی درپیش ہے جس کے باعث اہلکاروں کو اسلام آباد بھیجنے سے سندھ میں محکمانہ معاملات نمٹانے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں