پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں عزت ملنے کی وجہ انکا ممنوعہ سرزمین سے تعلق ہونا ہے:سیف علی خان

 پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں عزت ملنے کی وجہ انکا ممنوعہ سرزمین سے تعلق ہونا ہے:سیف علی خان

 ممبئی:اڑ ی حملے کی پابندی کے بعد سے اب تک بہت سے پاکستانی اور بھارتی فنکاروں نے اس پر اپنی رائے کا اظہار کیا لیکن سیف علی خان نے اب ایک حالیہ انٹرویو میں اس پابندی کے بارے میں اپنے خیالات  کا نہ صرف اظہار کیا بلکہ پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں اتنی عزت ملنے کی وجہ بھی بتا دی لیکن اس بات کا اندازہ لگانا مشکل تھا کہ وہ یہ بات تعریفی انداز میں کہہ رہے ہیں یا تنقیدی انداز میں۔

انٹرویو میں سیف علی خان کا کہنا تھا کہ فواد خان جیسے پاکستانی اداکاروں کو ہندوستان میں اس قسم کی توجہ ملنے کی صرف ایک ہی وجہ ہے اور وہ یہ کہ انہیں ہندوستان میں کافی مختلف مانا جاتا ہے کیوں کہ ان کا تعلق ایک ’ممنوعہ سرزمین‘ سے ہے۔

سیف علی خان کے مطابق ’فواد خان اور دیگر پاکستانی اداکاروں کی شخصیت کے ساتھ ایک الگ سا گلیمر جوڑ دیا جاتا ہے جس کی وجہ ان کا ممنوعہ سرزمین سے تعلق ہے، اگر یہ ہندوستانی اداکار ہوتے تو وہ الگ سا گلیمر ان کے ساتھ نہ ہوتا، تب یہ بھی یہاں عام ہی مانے جاتے‘۔

انہوں نے پاکستانی فنکاروں پر لگائی جانے والی پابندی پر بھی سوال اٹھایا۔

سیف علی خان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس پابندی کے بارے میں کچھ سمجھ نہیں آتا، ایک طرف تو آپ ایک دوسرے کے ساتھ اچھا تعلق رکھتے ہیں، فلموں میں کاسٹ کرتے ہیں، کرکٹ کھیلتے ہیں اور دوسری جانب کچھ اور ہی معاملات دکھائی دیتے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ان دونوں ممالک کے درمیان بہت کچھ چل رہا ہے جس کا کسی کو معلوم نہیں‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں اُڑی حملے میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے ہندوستان میں پاکستانی فنکاروں کے کام پر پابندی عائد کردی گئی تھی، جس کے بعد فواد خان اور ماہرہ خان سمیت کئی پاکستانی فنکاروں کو ہندوستان چھوڑنا پڑا تھا۔

مصنف کے بارے میں