شمالی کوریا کا گھیراﺅ ،امریکی ایٹمی آبدوز جنوبی کوریا پہنچ گئی

شمالی کوریا کا گھیراﺅ ،امریکی ایٹمی آبدوز جنوبی کوریا پہنچ گئی

ٹوکیو: امریکہ کی جنگی آبدوز یو ایس ایس مشی گن بھی جنوبی کوریا پہنچی ہے،جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق یو ایس ایس مشی گن جوہری ہتھیار سے لیس آبدوز ہے جس میں 154 ٹوماہاک کروز میزائل موجود ہیں اور اس پر عملے کے 60 ارکان تعینات ہیںحالیہ ہفتوں کے دوران شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان شدید بیان بازی کے بعد کوریائی جزیرہ نما میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
شمالی کوریا نے اپنی افواج کے 85ویں یومِ تاسیس کے موقع پر بڑے پیمانے پر جنگی مشق کی ہے۔شمالی کوریا کی فوج نے اس مشق کے لیے توپخانے کے متعدد یونٹس اور جنگی جہاز علاقے میں بھیجے ہیں۔
شمالی کوریا ماضی میں اپنی افواج کی سالگرہ کے موقع پر میزائل تجربے کرتا رہا ہے اور اس بار یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایسا کوئی تجربہ خطے میں پہلے سے کشیدہ صورتحال کو مزید خراب نہ کر دے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو شمالی کوریا کو دنیا بھر کے لیے خطرہ قرار دیا تھا ۔یو ایس ایس کارل ونسن نے اس سے قبل آسٹریلیا کے ساتھ فوجی مشق کی ہے۔
یہ آبدوز طیارہ بردار امریکی بحری جہاز یو ایس ایس کارل ونسن اور دیگر جنگی بحری جہازوں کے ساتھ اس فوجی مشق میں شرکت کرے گی جس کا مقصد فوجی قوت کا مظاہرہ ہے۔
دوسری طرف شمالی کوریا نے امریکی بحری بیڑے کو سمندر میں غرق کرنے کی دھمکی دی ہے۔اس صورتحال میں چین نے فریقین کو تحمل اور برداشت کی ہدایت کی ہے۔