’اب تک پالیسی طاقتور لوگوں کیلئے بنی، ہم کمزور طبقے کیلئے پالیسی بنائیں گے‘

’اب تک پالیسی طاقتور لوگوں کیلئے بنی، ہم کمزور طبقے کیلئے پالیسی بنائیں گے‘
کیپشن: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف، فوٹو بشکریہ فیس بک

منڈی بہاﺅ الدین: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ظالم کے سامنے خاموشی بھی گناہ ہے، اب تک پالیسی طاقتور لوگوں کیلئے بنی، ہم کمزور طبقے کیلئے پالیسی بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق منڈی بہاﺅ الدین جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی سیاست پوری دنیا میں بدنام ہو چکی ہے ،عوام کا ذکر کرتے ہوئے کہا اس وقت ملک کی صورتحال یہ ہے کہ تقریبا ڈھائی کروڑ بچہ سکول نہیں جاتا، وہ تعلیم حاصل نہیں کر رہے، ہسپتالوں کی حالت دیکھ لیں، پینے کا صاف پانی تک لوگوں کو میسر نہیں، انہوں نے کہا ہماری حکومت آئیگی تو وہ کمزور لوگوں کیساتھ کھڑی ہو گی، انشاءاﷲ ہم اپنے کمزور طبقے کو طاقتور بنائیں گے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کیسے ممکن ہے کہ ملک تو ترقی کرے لیکن عوام بھوکی رہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت میں ایسا نظام لائیں گے جس سے نیچے کا طبقہ اوپر آئے گا، چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان کی سیاست بدنام ہو چکی ہے، جب تک میں اپنے منشور پر کھڑا ہوں آپ کا وفادار رہوں گا، جب تک حق پر رہوں میری حمایت کرتے رہنا۔

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت آئے گی تو کسانوں پر ظلم نہیں ہو گا، ہمارے نئے پاکستان میں غریب کو آگے آنے کا موقع ملے گا، کسان محنت کر کے فصل اگاتا ہے لیکن اسے پیسہ پورا نہیں ملتا، کسانوں کو گنے کا ریٹ صحیح نہیں ملتا، انکے واجبات بھی ادا نہیں کیے جاتے۔ ہم اپنے دور میں مظلوم طبقہ کو طاقتور بنائیں گے۔

واضح رہے کہ منڈی بہاﺅ الدین جلسے میں ندیم افضل چن نے باقاعدہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ ن لیگ نے پنجاب پر قبضہ کیا ہوا ہے ہم عمران خان کی قیادت میں اس قبضہ کو ختم کرینگے۔ اس موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ندیم افضل چن کی پارٹی میں شمولیت سے پوری پارٹی خوش ہے۔