چمن میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے خاتون ورکر جاں بحق

چمن میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے خاتون ورکر جاں بحق
جاں بحق خاتون کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چمن میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے ایک خاتون پولیو ورکر جاں بحق ہو گئی۔


پولیس کے مطابق چمن کے علاقے سلطان زئی میں موٹرسائیکل پر سوار 2 حملہ آوروں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 35 سالہ خاتون پولیو ورکر نسرین جاں بحق ہو گئی جب کہ 24 سالہ راشدہ شدید زخمی ہوئی جسے فوری طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ جاں بحق خاتون کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کےمطابق واقعے کے بعد سلطان زئی کے علاقے میں پولیو مہم عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے جب کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔