چین نے جدید ہائپر سونک میزائل ٹیکنالوجی میں امریکہ کو پیچھے چھوڑ دیا

چین نے جدید ہائپر سونک میزائل ٹیکنالوجی میں امریکہ کو پیچھے چھوڑ دیا
کیپشن: image by facebook

نیویارک : چین نے جدید ہائپر سونک میزائل کی پیداوار میں امریکہ کو پیچھے چھوڑ دیا ، امریکی حکام معلومات ملنے کے بعد ورطہ حیرت میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق دور حاضر کے جدید ترین ہائپر سونک میزائل جوکہ ائیر ڈیفنس سسٹم سے بھی ٹریک نہیں کیا جا سکتا ہے کی پیداوار میں چین نے امریکہ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ہائپر سونک میزائل آواز کی رفتار سے پانچ گنا زیادہ رفتار سے منزل مقصود تک پہنچ سکتا ہے یعنی 62 سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے  جبکہ کچھ میزائل پچیس ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

اس میزائل کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کو ریڈار پر ٹریک نہیں کیا جا سکتا ہے ، موجودہ دور کا ائیر ڈیفنس سسٹم بھی اس میزائل کے سامنے بے بس ہو جاتا ہے کیونکہ یہ میزائل اس طرح سے منزل کی جانب بڑھتا ہے کہ کوئی ریڈار یا ڈیفنس سسٹم اس کو ٹریک کرنے کے قابل نہیں رہتا ہے ۔

امریکہ کے انڈر سیکریٹری آف ڈیفنس ریسرچ اینڈ انجینئرنگ مائیکل گریفن نے بتایا کہ چین خطے میں امریکہ پر سبقت لے جانے کا مشن رکھتا ہے جس میں کافی حد تک کامیابی حاصل کر رہا ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ اس جدید ہائپر سونک میزائل کے ساتھ چین باآسانی امریکہ کو نشانہ بنا سکتا ہے اور اس کا دفاع دنیا کا کوئی ائیر ڈیفنس سسٹم نہیں کر سکتا ہے ۔

دوسری جانب یہ اطلاعات آنے کے بعد روس میں میڈیا نے حکومتی نمائندوں سے سوالات شروع کر دیئے ہیں کہ وہ کس طرح ہائپر سونک ٹیکنالوجی پر کام کر رہے ہیں ان سوالات پر روسی حکام نے کوئی جواب نہیں دیا ۔