عرب اتحاد کا یمن میں ایک ماہ کیلیے جنگ بندی میں توسیع کا اعلان

 عرب اتحاد کا یمن میں ایک ماہ کیلیے جنگ بندی میں توسیع کا اعلان

سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحاد نے یمن میں ایک ماہ کے لیے مکمل جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کا اعلان عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کیا ہے۔ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ ابتدا میں 2 ہفتوں کے لیے جنگ بندی کی گئی تھی، 8 اپریل سے جنگ بندی کا آغاز اقوام متحدہ کی درخواست پر کیا گیا تھا اور اب اس میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عرب اتحاد کے پیش نظر یہ امر زیادہ ضروری ہے کہ جنگ بندی کے دوران متحارب فریق کورونا وائرس سے نمٹنے کی اہمیت اور ضرورت کو محسوس کریں-ترکی المالکی نے یہ بھی کہا کہ عرب اتحاد نے ایک ماہ کی توسیع کا فیصلہ رمضان میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور یمنی بھائیوں کو اس مصیبت سے نجات دلانے کے لیے خصوصی اقدام کے جذبے سے کیا ہے۔

دوسری جانب حوثی باغیوں نے مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کردیا،ترجمان حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ حوثی مکمل جنگ بندی اور محاصرہ ختم کرانے چاہتے ہیں۔یاد رہے کہ مارچ کے آخر میں اتحادی افواج نے یمن میں جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ہم نیوز کے مطابق سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی نے ترجمان اتحادی افواج ترکی المالکی کے حوالے سے کہا تھاکہ جنگ بندی کا مطالبہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کیا تھا۔ترکی المالکی کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے جاری کوشش کا ہر ممکن ساتھ دیں گے۔