فیصلہ کن ٹی 20 میں زمبابوے کو 24 رنز سے شکست، پاکستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی

فیصلہ کن ٹی 20 میں زمبابوے کو 24 رنز سے شکست، پاکستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ہرارے: پاکستان کرکٹ ٹیم نے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں زمبابوے کو 24 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی ہے۔ 
ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ محمد رضوان نے 60 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 90 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ شرجیل خان نے 18 اور بابراعظم نے 52 رنز بنائے۔ 
زمبابوے کی جانب سے لیوک جونگوی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 37 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ان کے علاوہ کوئی باؤلر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ 
ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کرکٹ ٹیم کا آغاز اچھا رہا اور اوپنرز نے 37 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم اس موقع پر پہلی وکٹ گر گئی جس کے بعد تاڈیوناشے مارومانی اور ویزلے مادھیویر نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 66 رنز کی شراکت داری قائم کر کے میچ دلچسپ بنا دیا۔ 
دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کا مجموعی سکور 102 پر پہنچا دیا جیت کی امید بھی روشن کر دی تاہم اس موقع پر شاندار اننگز کھیلنے والے مادھیویر آؤٹ ہو گئے اور ان کے بعد کوئی بھی بلے باز ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور زمبابوین ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 141 رنز ہی بنا سکی ۔ 
پاکستان کی جانب سے حسن علی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 18 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حسنین ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔