مسئلہ کشمیر پر مسلسل حمایت کرنے پر ترکی کے شکر گزار ہیں، وزیر خارجہ

مسئلہ کشمیر پر مسلسل حمایت کرنے پر ترکی کے شکر گزار ہیں، وزیر خارجہ
کیپشن: مسئلہ کشمیر پر مسلسل حمایت کرنے پر ترکی کے شکر گزار ہیں، وزیر خارجہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سہ ملکی اجلاس کے ذریعے افغان امن عمل کی رفتار تیز کرنے اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر مسلسل حمایت کرنے پر ترکی کا شکریہ ادا کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترکی کے دو روزہ دورے کے اختتام پر روانگی سے قبل اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ترکی کی حمایت پاکستانیوں اور کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ان کے دورے کا مقصد پاکستان، افغانستان اور ترکی پر مشتمل تین ملکی وزرا کے اجلاس میں شرکت کرنا بھی تھا۔ دو روزہ دورے کے دوران وزیر خارجہ نے ترک اور افغان ہم منصب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیلئے ملاقاتیں بھی کیں۔

انہوں نے اپنے ترک ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں اعلیٰ سطح کی سٹرٹیجک تعاون کی کونسل کے آئندہ اجلاس کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جس میں وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان بھی شرکت کریں گے۔

افغان وزیر خارجہ سے ملاقات میں انہوں نے ویزے کا مسئلہ اور معمولی جرائم پر افغانستان میں زیر حراست پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا معاملہ بھی اٹھایا۔