علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ملک بھر میں جاری امتحانات ملتوی

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ملک بھر میں جاری امتحانات ملتوی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک بھر میں جاری امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔ نئے شیڈول کا اعلان عید الفطر کی چھٹیوں کے بعد کیا جائے گا۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے ایسوسی ایٹ ڈگری، بی ایڈ اور بی بی اے کے جاری امتحانات ملتوی کیے گئے ہیں۔ امتحانات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ ریجنل دفاتر کے ڈائریکٹرز کی تجاویز پر کیا گیا ہے۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تحت ہونے والے بی ایس اکاوَنٹنگ اینڈ فنانس اور بی ایس پروگراموں کے فائنل امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے تحت امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں تمام سرکاری اور نجی کالجز تاحکم ثانی بند کر دئیے گئے تھے۔ 

پنجاب کے 25 اضلاع میں تمام سرکاری و نجی کالج تاحکم ثانی بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق کورونا کیسز کی زیادہ شرح والے اضلاع میں کالج بند رہیں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ زیادہ کورونا کیسز والے اضلاع میں لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یارخان، بہاولپور اور شیخوپورہ شامل ہیں اس لئے یہاں کالجز بند رہیں گے۔

فیصل آباد، حافظ آباد، خوشاب، لودھراں ، منڈی بہاؤالدین، پاکپتن، ساہیوال، سیالکوٹ اور سرگودھا میں بھی کالجز بند رہیں گے جبکہ ملتان، جھنگ، اوکاڑہ، خانیوال، ڈی جی خان، قصور، بہاولنگر، چکوال اور بھکر میں بھی کالجز بند رہیں گے۔