مہنگائی اور بیروزگاری قوم کیلئے آزمائش بن گئی مگر حکمرانوں کو احساس ہی نہیں: سراج الحق

مہنگائی اور بیروزگاری قوم کیلئے آزمائش بن گئی مگر حکمرانوں کو احساس ہی نہیں: سراج الحق
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بیروزگاری قوم کیلئے آزمائش بن گئی ہے لیکن حکمرانوں میں احساس نام کی کوئی چیز نہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بیروزگاری نے گھر گھر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، ملک میں مارکیٹیں بند اورترقیاتی کام ٹھپ پڑے ہیں، سرکاری اور نجی سیکٹرز میں نوکریاں نہیں، تاجر اور چھوٹے دکاندار رو رہے ہیں لیکن حکمرانوں میں احساس نام کی کوئی چیز نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں بھی لوگ لمبی قطاروں میں گھنٹوں کھڑے ہو کر راشن خریدنے پر مجبور ہیں، حکمران کھوکھلے نعرے لگانا بند کر دیں اور عوام نااہل حکمرانوں کا بائیکاٹ کریں، مافیاز کو جیلوں میں بھیجنے کی بجائے ڈھکے چھپے سرپرستی کی جا رہی ہے اور عوام پریشانیوں تلے دب چکے ہیں۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے یوم تاسیس کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ قوم وسائل کی کمی کی بنیاد پر نہیں بلکہ کرپشن کی وجہ سے تباہ ہوتی ہے، جب حکمران کرپشن شروع کرتے ہیں تو قوم مقروض ہو کر تباہ ہو جاتی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جب حکومت سنبھالی تو معاشی حالات بہت مشکل تھے اور ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا لیکن اب کرنٹ اکاؤنٹ کا سرپلس ہونا ہماری حکومت کی بڑی معاشی کامیابی ہے جبکہ مشکل وقت میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور چین نے ہماری مدد کی، وہ مدد نہ کرتے توہم دیوالیہ ہو جاتے، مجھے ڈھائی سال کی حکومتی کارکردگی پر فخر ہے۔