ملک بھر میں بجلی بحران مزید سنگین ہو گیا

ملک بھر میں بجلی بحران مزید سنگین ہو گیا

اسلام آباد: گرمی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر ہے کہ ملک بھر میں بجلی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے اور شارٹ فال ایک بار پھر 7 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر چکا ہے جس کے باعث 10 سے 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی گھروں کو ایل این جی اور فرنس آئل کی مطلوبہ فراہمی تاحال نہیں ہو سکی اور تکنیکی وجوہات کی بنا پر بند پاور پلانٹس بھی بدستور بجلی کی پیداوار سے قاصر ہیں، مظفرگڑھ اٹلس ٹی پی ایس جامشورو اور نندی پور سمیت متعدد پاور پلانٹس بند ہیں۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 18 ہزار 31 اور طلب 25 ہزار 500 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 36 ہزار 16 میگاواٹ ہے اور ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 468 میگا واٹ ہو چکا ہے جس کے باعث رمضان المبارک کی برکتیں سمیٹنے میں مصروف پاکستانیوں کو بدترین لوشیڈنگ کا سامنا ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ پن بجلی سے 3 ہزار 674 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے 786 میگاواٹ، نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 9 ہزار 526 میگاواٹ، ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس 487 میگاواٹ، سولر پاور پلانٹس 104 میگاواٹ، بگاس سے 141 اور ایٹمی بجلی گھر 3 ہزار 312 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔ 
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق بجلی کی رسد اور طلب میں 7 ہزار میگا واٹ سے زائد کا فرق ہونے کے باعث ملک بھر میں 10 سے 18 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ مجموعی طور پر 10 گھنٹے بجلی کی لوشیڈنگ کی جا رہی ہے لیکن ہائی لاسز والے علاقوں میں 18 گھنٹے تک بجلی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ 

مصنف کے بارے میں