عامر نے طلاق کا سوچا تو بیٹی کیساتھ امریکہ چلی جاﺅں گی، فریال مخدوم

عامر نے طلاق کا سوچا تو بیٹی کیساتھ امریکہ چلی جاﺅں گی، فریال مخدوم

لندن: باکسر عامر خان کو ان کی اہلیہ فریال مخدوم نے دھمکی دی ہے کہ اگرعامر نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تو وہ اپنی بیٹی کو لے کر امریکا منتقل ہو جائیں گی۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم کے درمیان علیحدگی کا معاملہ ٹھنڈا ہوتا نظر نہیں آ رہا ہر گزرتے دن کے ساتھ دونوں کے رشتے میں ڈرامائی موڑ آ رہے ہیں جنہیں ملکی و بین الاقوامی میڈیا کی بھرپور کوریج حاصل ہو رہی ہے۔ ایک طرف تو دونوں اپنے اختلافات کو سب کے سامنے لا کر لوگوں کو تنقید کرنے کا موقع فراہم کر رہے ہیں جب کہ دوسری طرف فریال مخدوم اپنے شوہر سے علیحدگی کے حق میں بھی نہیں ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق حال ہی میں فریال مخدوم کا ایک اور حیران کر دینے والا بیان سامنے آیا ہے۔

انہوں نے اپنے شوہر کو وارننگ دی ہے کہ اگر عامر نے انہیں طلاق دینے کا سوچا یا طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تو وہ اپنی بیٹی کو لے کر امریکا منتقل ہو جائیں گی جب کہ انہوں نے اپنی قانونی ٹیم کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ ان کی شادی کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ عامر خان اپنی بیٹی سے بے انتہا محبت کرتے ہیں اور اکثر سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں انہیں اپنی بیٹی سے دوری برداشت نہیں۔ لہٰذا فریال کے اس بیان کے بعد عامر کو طلاق کے معاملے پر ایک بار پھر سوچنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ عامر خان گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر فریال کو گزشتہ دو سال سے طلاق دینا چاہتے تھے وہ اپنی شادی سے اتنے دلبرداشتہ تھے کہ ان کا کہنا تھا وہ گھر میں نہیں بلکہ جہنم میں رہتے ہیں۔ دوسری جانب فریال کا کہنا تھا کہ وہ انہیں طلاق نہیں دے سکتے کیونکہ ان کے پاس عامر کے خلاف اتنا مواد موجود ہے جو ان کی شخصیت کو تباہ کرسکتا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں