پاکستان نے امریکی الزامات کو یکسر مسترد کر دیا

پاکستان نے امریکی الزامات کو یکسر مسترد کر دیا

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کابینہ اور قومی سلامتی کمیٹی نے اپنی حکمت عملی واضح کر دی ہے ہم نے بلاتعصب تمام دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی کیونکہ کسی بھی ملک نے پاکستان جتنی قربانیاں نہیں دیں۔ امریکہ اور عالمی برادی حکومتی فیصلے بارے آگاہ ہو چکے ہیں اور پاکستان قومی مفاد میں دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ انتہا پسند بھارتی اداروں میں سرایت کر چکے ہیں جبکہ آر ایس ایس اور دیگر تنظیمیں بھارتی عدلیہ کے فیصلوں پر بھی اثر انداز ہو رہے ہیں۔ بھارتی فوج آر ایس ایس کو بھی سپورٹ فراہم کرتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کے مختلف ممالک کے ساتھ تنازعات ہیں اور ماضی میں بھی کہا کہ بھارت کو خطے میں سلامتی کے ضامن کا کردار نہیں دیا جا سکتا۔ بھارت جیسا ریاستی دہشتگردی میں ملوث ملک خطے میں امن کا ضامن نہیں ہو سکتا۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی عرب اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھی چین کا دورہ کیا۔  وزیر خارجہ علاقائی ممالک کا دورہ کر رہے ہیں اور وزیر خارجہ کے دورے کا مقصد دوست ممالک سے مشاورت کرنا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ دوروں کی تاریخ کے بارے میں تاحال آگاہ نہیں ہیں۔ امریکی سینیٹرز کو جنوبی وزیرستان کا دورہ بھی کرایا گیا اور امریکی سینیٹرز نے اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا افغانستان کے بارے میں پاکستان کی پوزیشن واضح ہے اور پاکستان نے دیانتداری سے افغانستان میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کیا کیونکہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کے مفاد میں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا حریت رہنماؤں علی گیلانی، یاسین ملک، شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی کو زیر حراست رکھنے پر تشویش ہے۔ بھارت کی جانب سے کشمیر کی جغرافیائی ہیئت تبدیل کرنے پر بھی تحفظات ہیں۔ اقوام متحدہ کیساتھ مسئلہ اٹھایا ہے اور مسئلہ کشمیر بھی مذاکرات سے حل ہونا چاہیے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں