امریکا کا مزید 4 ملکوں کے شہریوں کیلئے ویزے بند کرنے کا فیصلہ

امریکا کا مزید 4 ملکوں کے شہریوں کیلئے ویزے بند کرنے کا فیصلہ

واشنگٹن: یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیوریٹی کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چار ملکوں کے لیے امریکی ویزوں پر تاحکمِ ثانی پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے کیونکہ وہ امریکی حکومت سے تعاون نہیں کر رہے۔

ویزا پابندی کی زد میں آنے والے ملکوں میں کمبوڈیا، اریٹیریا، گنی اور سیرالیون شامل ہیں جن کے بارے میں یو ایس ہوم لینڈ سیکیوریٹی ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ماضی میں جب بھی ان ممالک کے شہریوں کو امریکا سے بے دخل کیا گیا تو انہوں نے اپنے شہریوں کو واپس قبول کرنے سے انکار کیا۔

ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیوریٹی کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ کو ان ملکوں پر ویزا پابندیوں کی باضابطہ درخواست بھجوائی جا چکی ہے جس کی مطابقت میں جلد ہی کوئی نیا حکم نامہ جاری کر دیا جائے گا۔ ویزا پابندیوں کا اصل مقصد ان ممالک پر دباؤ ڈالنا ہے کہ وہ امریکا سے بے دخل کیے گئے اپنے شہریوں کو واپس قبول کریں اور اپنے مقامی قوانین کے مطابق ان پر مقدمات بھی چلائیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں وفاقی قانون کی رُو سے وہاں کے وزیر خارجہ کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کسی ملک کے خلاف محدود یا مکمل ویزا پابندیاں عائد کر سکیں یعنی اب یہ فیصلہ موجودہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کو کرنا ہوگا کہ وہ مذکورہ چاروں ممالک پر کس نوعیت کی اور کیسی ویزا پابندیاں عائد کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے دوران امریکا میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افراد پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں جبکہ امریکی اداروں کے مطابق اس وقت کم از کم ایسے 26 ممالک سے غیر قانونی تارکینِ وطن امریکا میں موجود ہیں جو اپنے بے دخل کیے جانے والے شہریوں کو واپس قبول کرنے سے انکاری رہتے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں