تمام تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی لازمی تعلیم کا بل اتفاق رائے سے منظور

تمام تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی لازمی تعلیم کا بل اتفاق رائے سے منظور

اسلام آباد: سینیٹ نے تمام تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دینے کا بل متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ انتخابی اصلاحات ترمیمی بل 2017 متعلقہ کمیٹی کے سپرد جبکہ انتخابی اصلاحات بل سینیٹ کے اگلے سیشن میں پیش کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایوان بالا نے قرآن پاک کی لازمی تعلیم بل 2017ء اور نیشنل سکول آف پبلک پالیسی (ترمیمی) بل 2017ء کی منظوری دیدی۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران شیخ آفتاب احمد نے یہ بل ایوان میں پیش کئے۔ چیئرمین نے بل کی شق وار منظوری حاصل کرنے کے بعد منظوری کے لئے بل ایوان میں پیش کئے۔ ایوان بالا نے اتفاق رائے سے بلوں کی منظوری دیدی۔

وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیر زادہ کی جانب سے سینیٹ میں پیش کیئے جانے والے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ گزشتہ کئی سال سے ہاکی انفرا اسٹرکچر اور پاکستان ہاکی فیڈریشن زوال کا شکار ہے۔ بین الاقوامی سطح پر ہاکی کے تیز تر ماحول کے ساتھ مطابقت اختیار کرنے میں نا کام رہی جس پر سینئیر ہاکی ٹیم کی حالت زار کی روشنی میں پی ایچ ایف کے صدر نے سخت نوٹس لیا ہے۔ اب کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس پر خاص توجہ دی جا رہی ہے تاہم ہاکی کے بہترین کھلاڑی پیدا کرنے کے لیے مناسب وسائل درکار ہیں۔

وزارت خارجہ کی جانب سے بیرون ملک رہائش پذیر پاکستانیوں کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کر دیں گئیں۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں 90 لاکھ پاکستانی مختلف ممالک میں مقیم ہیں اور سب سے زیادہ مشرق وسطی میں 50 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں۔ سعودی عرب میں 26 لاکھ، امریکہ میں 10 لاکھ، یورپ میں 24 لاکھ پاکستانی رہائش پذیر ہیں۔

خواجہ آصف کا کھیلوں کی تباہی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں کھیلوں کے اوپر قبضہ مافیہ قابض ہے۔ لوگ صرف فنڈز جمع کرنے کے لئے بیٹھے ہیں جبکہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن سے ملنے والے فنڈز کہاں خرچ ہوتے ہیں کچھ پتہ نہیں کیونکہ یہ ایک اہم معاملہ ہے پارلیمنٹ معاملے کا نوٹس لے۔ انکا کہنا تھا کہ سپورٹس فیڈریشنز کھیلوں کے فروغ کی بجائے قبضہ مافیا بن چکی ہیں۔ فیڈریشنز کے معاملات کی تفصیلی تحقیقات ہونی چائیے جس پر چیئرمین سینیٹ نے سپورٹس فیڈریشنز کے امور کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کر دیا۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر کا بھارت کے ساتھ کھوکھرا پار بارڈر کھولنے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تجارتی مقاصد اور رشتہ داروں سے ملنے کے لئے اس سرحد کو کھولا جانا چاہئے جس پر وزیر پارلیمانی امور نے جواب دیا کہ کھوکھرا پار کبھی بھی تجارت کے لئے استعمال نہیں ہوا۔ بھارت کے ساتھ ایک بار اس سرحد کو کھولنے پر بات ہوئی تھی مگر پھر کشیدگی کی وجہ سے یہ آگے نہ بڑھ سکی۔

سینیٹ میں اردو کے نامور شاعر احمد فراز کی نویں برسی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سینیٹرز نے شعر پڑھ کر شاعر کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس کی مزید کاروائی پیر شام 5 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں