سام سنگ گلیکسی نوٹ 8 آئی فون سے بہتر کیوں؟

سام سنگ گلیکسی نوٹ 8 آئی فون سے بہتر کیوں؟

لاہور: مایہ ناز جنوبی کورین کمپنی ”سام سنگ “ کا طاقتور فون ” گلیکسی نوٹ 8“ گزشتہ دنوں متعارف کروایا گیا۔ دنیا بھر میں گلیکسی نوٹ ایٹ کے منتظر صارفین نے اس سمارٹ فون کا ایپل آئی فون سے موازنہ کر نا شروع کر دیا ہے ، جبکہ صارفین کی جانب سے اسے آئی فون سے بہتر قرار دیا جا رہا ہے ۔ یہاں گلیکسی نوٹ ایٹ کے ایسے فیچرز کا ذکر کیا جارہا ہے جو آئی فون کو پیچھے چھوڑ دیتے ہیں اور کم از کم ابھی دستیاب آئی فون سیون سے زیادہ بہتر ہیں۔

ڈوئل کیمرہ:

آئی فون سیون پلس پہلا فون نہیں تھا جس میں ڈوئل کیمرے دیئے گئے تھے بلکہ ایچ ٹی سی ون ایم ایٹ کو یہ اعزاز حاصل ہے مگر ایپل کی ڈیوائس کو پورٹریٹ موڈ کی بدولت مقبولیت حاصل ہوئی جس میں بیک گراو¿ نڈ کو دھندلا کرکے کسی ڈی ایس ایل آر کیمرے جیسے معیار کی تصویر کے قریب پہنچا جاسکتا ہے۔ گلیکسی نوٹ ایٹ میں پہلی مرتبہ سام سنگ نے 12 میگا پکسل کا ڈوئل کیمرہ دیا، جن میں سے ایک وائیڈ اینگل جبکہ دوسرا ٹو ایکس ٹیلی فوٹو ہے، مگر یہ آئی فون سمیت دیگر سے اس لیے منفرد ہے کیونکہ دونوں کیمرہ لینس میں آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن موجود ہے تاکہ 10 ایکس زوم پر بھی ہاتھ ہلنے پر تصویر کا معیار خراب نہ ہو۔ یہ کیمرہ اس لیے بھی زیادہ اچھا ہے کیونکہ اس میں دونوں کیمروں سے ٹو ایکس زوم امیج کو دھندلے پس منظر کے ساتھ لیا جاسکتا ہے۔

شاندار ڈسپلے :

سام سنگ گلیکسی نوٹ ایٹ 6.3 انچ امولیڈ ڈسپلے کے ساتھ ہے اور اس وقت سب سے بہترین اسکرین والا فون ہے، یعنی بہت زیاد روشن، رنگ بہت اچھے جبکہ سچورٹیڈ کمال کی ہے۔ مگر جو چیز اس کے ڈسپلے کو آئی فون سے بہتر بناتی ہے، وہ ایچ ڈی آر ریڈی نامی فیچر ہے، جو کہ زیادہ بہتر کنٹراسٹ، وائیڈر ڈائنامک رینج، ڈیپر بلیک اور وائٹر وائٹس کے ساتھ ہے۔ آسان الفاظ میں ہر چیز اس میں بہت نمایاں نظر آتی ہے۔

اسٹائلوس

گلیکسی نوٹ سیریز کی شہرت ہی اس کا اسٹائلوس یا ایس پین ہے، جس کی نقل پر ایپل پینسل اور مائیکروسافٹ نے اپنا پین متعارف کرایا۔ مگر گلیکسی نوٹ ایٹ کا ایس پین پہلے سے زیادہ بہتر ہے جو کہ 4096 لیول پریشر سپورٹ کرتا ہے جبکہ 0.7 ملی میٹر ٹپ کے ذریعے ڈوڈلنگ بہت آسان ہوجاتی ہے اور ہاں یہ زیرآب بھی کام کرتا ہے، یہ پہلا ایس پین ہے جو مکمل جملوں کے ترجمے میں بھی مدد دیتا ہے۔

تیز وائرلیس چارجنگ

ویسے تو افواہیں ہیں کہ پہلی بار نئے آئی فون (آئندہ ماہ متوقع) میں وائرلیس چارجنگ کا فیچر دیا جارہا ہے، مگر سام سنگ میں یہ فیچر کئی برسوں سے ہے اور نوٹ ایٹ میں اسے پرفیکٹ کردیا گیا ہے۔ دیگر فونز کے مقابلے میں سام سنگ کا یہ فون وائرلیس سے بھی اتنا ہی تیز چارج ہوتا ہے جتنا کیبل سے، کمپنی کے مطابق نوٹ ایٹ کو وائرلیس طریقے سے آدھے گھنٹے میں صفر سے 49 فیصد تک چارج کیا جاسکتا ہے۔

اسٹوریج بڑھانے کی سہولت

وائرلیس چارجنگ کے ساتھ اسٹوریج بڑھانے کا فیچر بھی برسوں سے موجود ہے۔ گلیکسی نوٹ ایٹ 64 جی بی اسٹوریج کے ساتھ ہے مگر اسے 256 جی بی کے مائیکرو ایس ڈی کارڈ کے ساتھ 320 جی بی تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ ایپل میں اب تک ایس ڈی کارڈ سلاٹ کسی فون میں نہیں دیا گیا اور صارفین کو ایک طے کردہ اسٹوریج تک ہی محدود رہنا پڑتا ہے۔

محفوظ بیٹریاں 

گلیکسی نوٹ سیون کی ناکامی اس کی بیٹریاں پھٹنے کے واقعات تھے، ورنہ اس سے پہلے وہ سام سنگ کی تاریخ کا بہترین فون قرار دیا جارہا تھا۔ اب سام سنگ نے وعدہ کیا ہے کہ ایسے فونز تیار کیے جائیں گے جن کی بیٹریاں محفوظ ہوں گی، گلیکسی ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس نئی بیٹریوں کے ساتھ تھے اور آٹھ نکاتی حفاظتی معائنے کے بعد اب گلیکسی نوٹ ایٹ کی بیٹریاں محفوظ قرار دی جارہی ہیں۔