اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان الائنس کا اہم اجلاس آج مری میں ہوگا

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان الائنس کا اہم اجلاس آج مری میں ہوگا
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: صدارتی انتخاب کی حکمت عملی کا جائزہ لینے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد 'پاکستان الائنس' کا اہم اجلاس آج مری میں ہونے جارہا ہے اور اس دوران حزب اختلاف کی جانب سے مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر بات چیت کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) ، متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، پختونخوامیپ، نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی اور پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی رہنما شریک ہوں گے۔اجلاس میں ایم ایم اے کا تین رکنی وفد شرکت کرے گا، جبکہ محمود خان اچکزئی کوئٹہ میں مصروفیت کے باعث شریک نہیں ہو سکیں گے۔


مسلم لیگ (ن) اجلاس میں صدارتی انتخابات کے لیے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار اعتزاز احسن کی جگہ متفقہ امیدوار لانے پر زور دے گی۔اجلاس میں صدارتی انتخابات کی حکمت عملی طے کرنے کے ساتھ یہ مشاورت بھی کی جائے گی کہ سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی اکثریت کے باعث متفقہ چیئرمین سینیٹ اور اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے کب کارروائی شروع کی جائے۔

اجلاس میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پارلیمان اور اس سے باہر احتجاج کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔مسلم لیگ (ن) 'نواز شریف کو انصاف دو' نامی احتجاجی تحریک کے لیے الائنس میں شامل دیگر جماعتوں سے تعاون طلب کرے گی، خاص طور پر (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے ایک ساتھ چلنے کی حکمت عملی بھی زیر غور آئے گی۔

مسلم لیگ (ن) اتحاد میں شامل جماعتوں کی قیادت کو راولپنڈی میں جلد ہی ہونے والے احتجاجی جلسے سمیت مستقبل کے احتجاجی جلسوں میں شرکت کی دعوت بھی دے گی۔