8 نو سال سے جھوٹ بولنا چھوڑ دیا ہے:شیخ رشید

8 نو سال سے جھوٹ بولنا چھوڑ دیا ہے:شیخ رشید
کیپشن: سکرین شاٹ

لاہور:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں نے بھی 8 نو سال سے جھوٹ بولنا چھوڑ دیا ہے اور چاہوں گا کہ ریلوے میں اب کوئی جھوٹ نہ بولے۔

تفصیلات کے مطابق ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد نیوز بریفنگ دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ30 مزید ریلوے سٹیشنز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں، 5 فائیوسٹارز ہوٹل کیلئے ہمارے پاس پلاٹس موجود ہیں، اسی سال مجھے کراچی سے 10 بلین روپے چاہئیں جبکہ آئن لائن ٹکٹنگ میں ٹریول ایجنٹس کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے کی 4 ہزار ایکڑ اراضی پرلوگ قابض ہیں، مزید 30 ریلوے سٹیشن کو اپ گریڈ کیا جائے گا، بجلی کی بلنگ پر ایک ارب کا کٹ لگادیا ہے،تمام سکول اورہسپتال نجی سیکٹر کو دینے کو تیار ہیں،راولپنڈی تا لاہور اورکندیاں تاراولپنڈی ٹرین چلائی جائیں گی۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہرروز فریٹ کی تفصیل فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے،فریٹ میں 20 فیصد اضافے کا کہا ہے،ریلوے میں تین فریٹ افسروں کو معطل کردیا ہے،ریلوے میں 60 سال سے کھڑی گاڑیوں کو نیلام کیا جائے گا۔

فریٹ ٹریڈ کو بھی آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،15 ستمبر سے دو نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی،فریٹ کی یومیہ رپورٹ مجھے موبائل فون پر دی جائے گی ۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے میں نالائق اور کام چوروں کو نہیں چھوڑوں گا، نہ کسی سے عناد ہے نہ محبت ،میں صرف کام چاہتا ہوں ،ریلوے میں اخراجات میں 15 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ،فیصلہ کیا ہے کہ اس سال ریلوے کو خسارے سے نکالیں گے ۔کرپشن کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا اور جو ہوگا کرپشن فری ہوگا،ریلوے کے تمام ٹریکس کے ارد گرد درخت لگائیں گے۔