شیخ رشید صاحب!ایسی ریلوے آپ کے حوالے کی جس کی آپ نے سفر کی فخریہ ویڈیو اپ لوڈ کی

 شیخ رشید صاحب!ایسی ریلوے آپ کے حوالے کی جس کی آپ نے سفر کی فخریہ ویڈیو اپ لوڈ کی
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور : سابق وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزیرریلوے شیخ رشید کے نام پیغام بھیجا ہے کہ شیخ رشید صاحب!ایسی ریلوے آپ کے حوالے کی جس کی آپ نے سفر کی فخریہ ویڈیو اپ لوڈ کی،یہ سارا نظام انہی کی مرہون منت ہے،خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ ریلوے نیب زدہ ادارہ نہیں، یہ کیسز پرانے ہیں، شیخ رشید کے بیانات سے ابہام پیدا ہوا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے پیغام میں کہا کہ ریلوے کی بہتری کے لیے وزیر ریلوے کی کامیابی ضروری ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ سوا سو برس کے بعد ریلوے میں شروع ہونے والا اصلاحات کا عمل پایہ تکمیل تک پہنچے کہ قومی اداروں کی بحالی اور بہتری پوری قوم کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی واضح کرنا ضروری ہے کہ ریلوے کو ہمارے دور میں سیاست سے پاک رکھا گیا۔ بھرتی، ٹرانسفرز سمیت تمام معاملات میں کوئی سفارش قبول نہیں کی گئی جس کی گواہی وزراء، ارکان اسمبلی سمیت تمام سے لی جاسکتی ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے دور میں پاکستان ریلوے میں ایک بھی سنگل بڈ ٹینڈر قبول نہیں کیا گیا اس سلسلے میں واضح ہدایات اور پالیسی موجود ہے اور تمام ٹینڈرز کو منسوخ کر دیا گیا جن میں صرف ایک کمپنی نے حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے سٹیٹ آف دی آرٹ امریکی کمپیوٹرائزڈ انجن خریدے جو ریلوے کے ”کماو¿ پوت“ ہیں۔انکی خریداری قواعدوضوابط کے مطابق کی گئی،تاہم پاکستان ریلوے کا موازنہ فی الحال ہندوستان سے نہیں کیا جا سکتا۔ وہاں ریلوے کی ترقی کا عمل35 برس پہلے شروع ہوگیا تھا۔ وہاں لوکو موٹیوزکی پروڈکشن مقامی سطح پرہوتی ہے۔ یہ واضح کرنا بھی ضروری ہے کہ پاکستان ریلوے کا اس برس خسارہ 37.40ارب رہا اس خسارے کو27ارب تک لے جایا گیا مگر تنخواہوں، پینشنوں کے بقایاجات کے اضافی بوجھ کی وجہ سے گزشتہ برس10ارب کے اضافی اخراجات ہوئے۔2013 میں ریلوے کا خسارہ 33ارب جبکہ آمدن18ارب تھی جبکہ 2018 میں آمدن 48.6ارب رہی جوکہ ایک ریکارڈ ہے۔ قومی اداروں کو سیاسی محاذ آرائی کا مرکز نہ بنایا جائے۔ شیخ رشید احمد کے بیانات سے ابہام پیدا ہوا جس کی وضاحت ضروری ہے۔ اوّل پاکستان ریلوے کو نیب زدہ ادارہ کہنا درست نہیں ہے۔ دوسرے ریلوے کے نیب میں ریفرنسز کا تعلق سابق ادوار سے ہے۔ ہمارے دور کا کوئی ریفرنس نیب میں نہیں ہے۔

a862dbe794ae9eef27f9f2b0b1ab8e9d

واضح رہے وزیرریلوے شیخ رشید نے لاہور تا روالپنڈی بغیر پروٹوکول ٹرین پر سفر کیا تھا۔ سفر کے دوران وی آئی پی یا ویٹنگ رو خالی نہیں کروایا گیا۔ انہوں نے سفر کے دوران اپنی ایک ویڈیو بھی فیس بک پراپ لوڈ کی۔ جس میں بہترین نظام کے ساتھ صاف ستھری ٹرین دکھائی دے رہی ہے۔