عماد وسیم کو ایشیاءکپ کیلئے گرین سگنل مل گیا

عماد وسیم کو ایشیاءکپ کیلئے گرین سگنل مل گیا
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور : قومی ٹیم کے آل راونڈر عماد وسیم کو ایشیاءکپ کے لیے گرین سگنل مل گیا جن کو کیریبین پریمیئر لیگ میں اپنا معاہدہ مختصر کر کے فوری وطن واپسی کی ہدایت کردی گئی ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق ایشیاءکپ سے قبل قومی کرکٹرز کو 29 اگست کو فٹنس ٹیسٹ کے عمل سے گزارا جائے گا اور عماد وسیم کی ایشیائی ایونٹ میں شرکت ان کی فٹنس سے مشروط ہو گی۔ ذرائع کے مطابق لیگ سپنر یاسر شاہ کو قومی ون ڈے سکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا ہے اور اگر عماد وسیم فٹنس ثابت کر کے پاکستان ٹیم کا حصہ بننے میں کامیاب ہو گئے تو پھر آل راؤنڈر محمد نواز کو بھی ایشیا کپ میں شرکت کا موقع نہیں مل سکے گا۔

واضح رہے کہ 29سالہ عماد وسیم اب تک30ون ڈے اور25ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے چیف انضمام الحق آئندہ ہفتے تین ستمبر سے شروع ہونے والے کیمپ کے لیے منتخب پلیئرز کے ناموں کا اعلان کردیں گے جس سے پہلے قومی کھلاڑیوں کو ایبٹ آباد کے پہاڑی علاقے میں فٹنس ڈرلز کا موقع ملے گا۔