وزیراعظم عمران خان نے شبلی فراز کو سینیٹ میں قائد ایوان مقرر کر دیا

وزیراعظم عمران خان نے شبلی فراز کو سینیٹ میں قائد ایوان مقرر کر دیا
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے شبلی فراز کو سینیٹ میں قائد ایوان مقرر کر دیا ، وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے سینیٹ سیکریٹریٹ کو چوبیس اگست کو ارسال کیے جانے والے خط میں کہا گیا کہ سینیٹر شبلی فراز ایوان بالا میں حکومت کی نمائندگی کریں گے۔

خط میں کہا گیا کہ رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنسز برائے سینیٹ 2012 کے رول 2(1) کے مطابق قائد ایوان کو وزیراعظم منتخب کریں گے جو سینیٹ میں حکومتی نمائندہ ہوگا اور وہی وزیراعظم کی غیر موجودگی میں ایوان بالا کے امور کا ذمہ دار ہوگا۔

خیال رہے کہ شبلی فراز 2015 میں پاکستانی تحریک انصاف کے ٹکٹ پر خیبر پی کے سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے ، شبلی فراز یوان بالا میں قائمہ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل ، تجارت اور قائمہ کمیٹی برائے گردشی قرضہ کے چیئرمین کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں ۔

شبلی فراز پاکستان کے معروف شاعر احمد فراز کے صاحبزادے ہیں ، واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط لکھا گیا تھا.

 جس میں ان سے ایوان میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کی شیری رحمن کی جگہ راجہ ظفر الحق کو مقرر کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

ن لیگ کی جانب سے لکھے گئے خط پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ، سابق حکمران جماعت کی جانب سے لکھی گئی درخواست پر اس کی اتحادی جماعتوں جمعیت علمائے اسلام (ف ) اور نیشنل پارٹی (این پی ) کے اراکین کے دستخط بھی موجود ہیں ۔