حکومت ابھی تک حیران ہے کہ ہمیں اتنا ووٹ کیسے پڑ گیا:سراج الحق

حکومت ابھی تک حیران ہے کہ ہمیں اتنا ووٹ کیسے پڑ گیا:سراج الحق

image by facebook

پشاور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن میں کامیاب ہونے والے ابھی تک حیران ہیں کہ انہیں اتنا ووٹ کیسے پڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق پشاور میں عید ملن اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ابھی تک حیران ہے کہ ان کو اتنا ووٹ کیسے پڑ گیا ۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے حوالے سے عوام کو مطمئن نہیں کر سکا ، ہم پاکستان کو ایک ویلیفئر اسلامی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے ، جب تک عام آدمی کا مسئلہ حل نہیں ہوتا ، ملک و قوم خوشحال نہیں ہوسکتے۔

سراج الحق نے کہا کہ  موجودہ نظام عوام کے مسائل میں کمی لانے کی بجائے اضافہ کر رہا ہے ، موجودہ حکومت کے لیے کرپشن اور بے روزگاری کا خاتمہ بڑا مسئلہ ہے ، نوجوانوں کے لیے روزگار اور عام آدمی کے لیے انصاف کی فراہمی بہت ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ نئی حکومت اب چل پڑی ہے اور اسے اپنے منشور پر عمل کے لیے ابھی سے ان اقدامات کی ضرورت ہے جو عام آدمی کو بھی نظر آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے ہمار ا مطالبہ ہے کہ پانامہ کے 436 ملزموں ، بنکوں سے قرضے لے کر معاف کروانے والوں اور قومی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک دولت جمع کرنے والوں کو پکڑا جائے ۔

 

 ملک کو کنگال کرنے والوں کے خلاف اور نیب میں موجود کیسز پر کارروائی ہونی چاہئے ، نیب میں کرپشن کے 150 میگا سکینڈلز موجو د ہیں ان کو کھولا جانا چاہئے ۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک نظریاتی جماعت ہے جن لوگوں نے ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے ہمیں سپورٹ کیا اور ووٹ دیا وہ انمول ہیرے ہیں اور ہم دل سے ان کی قدر کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نظریے اور شناخت کو قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔