کراچی میں بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں، پانی گھروں میں داخل

 کراچی میں بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں، پانی گھروں میں داخل
کیپشن: صفورا چورنگی سے حسن اسکوائر آنے اور جانے والے روڈ پر کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: کراچی میں موسلادھار بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ کراچی میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جن میں آئی آئی چند ریگر روڈ، صدر، کھارادر، کورنگی، لانڈھی، گلشن حدید، نیو کراچی، نارتھ کراچی، ملیر، ائیرپورٹ اور دیگر علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

تیز بارش سے سخی حسن سے ناگن چورنگی تک روڈ زیرآب آ گئی اور صفورا چورنگی سےحسن اسکوائر آنے اور جانے والے روڈ پر کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔

نیا ناظم  آباد اور اوجھا کیمپس میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جب کہ گلستان جوہر بلاک تھری اے میں لینڈ سلائیڈنگ سے پارکنگ میں کھڑی درجنوں گاڑیاں دب گئیں۔

عزیز آباد بلاک 2 میں بھی تیزبارش کے باعث سیوریج اور بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیوریج کی لائنیں پہلے سے خراب ہیں آج بارش کے بعد پانی کی سطح بلند ہو گئی۔

گلستان جوہر بلاک تھری اے میں لینڈ سلائیڈنگ سے پہاڑی سے تودے گرنے سے رہائشی عمارت کی پارکنگ میں کھڑی درجنوں گاڑیاں دب گئیں۔ ملیر، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی،گلشن حدید، سعدی ٹاون، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا ، نارتھ کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بادل برسے ہیں۔

ندی کا پانی آنے سے کورنگی کاز وے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے جب کہ ترقیاتی کام کے باعث لسبیلہ سے ناظم آباد جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے۔

بارش کے باعث ناگن چورنگی، شفیق موڑ، شاہراہ نارتھ ناظم آباد، یونیورسٹی روڈ، شارع فیصل، نرسری اور شارع کورنگی پر پانی کھڑا ہوگیا جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے جب کہ بارش کے پانی سے شہریوں کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی بارش کے پانی میں خراب ہوگئیں۔

ایم اے جناح روڈ کے قریب اورنگ زیب مارکیٹ کی دکانوں میں پانی داخل ہونا شروع ہو گیا۔