خیبر پختونخوا میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا اعلامیہ جاری

خیبر پختونخوا میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا اعلامیہ جاری
کیپشن: ایس او پیز کے تحت اسکول 15 ستمبر سے کھولے جائیں گے، محمد ابراہیم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

پشاور: صوبائی ڈائریکٹوریٹ آف ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جانب سے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق اسکولوں کو کورونا ایس او پیز کے تحت کھولا جائے گا جب کہ اسکولوں میں ہاتھ دھونے کے لیے صابن کی فراہمی لازمی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ اسکولوں میں جراثیم کش مواد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

صوبائی ڈائریکٹوریٹ آف ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا محمد ابراہیم نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق ایس او پیز کے تحت اسکول 15 ستمبر سے کھولے جائیں گے۔

محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ تمام اسکولوں کے اسٹاف کو کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی تربیت دی گئی ہے جب کہ اسکولوں میں سینیٹائزر اور ماسک کے استعمال کو لازمی بنایا جائے گا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث تعلیمی ادارے کئی ماہ سے بند ہیں تاہم کورونا کی صورتحال میں بہتری آنے کے بعد حکومت نے ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا اعلان کیا ہے البتہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ 7 ستمبر کے اجلاس میں کیا جائے گا۔