افغان طالبان آج شام وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے

افغان طالبان آج شام وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے

اسلام آباد: ملا عبدالغنی کی قیادت میں افغان طالبان کا وفد آج شام وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کرے گا۔

دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں وفد وزیر خارجہ کو طالبان اور امریکہ معاہدے پر عمل درآمد کی صورت حال سے آگاہ کرے گا۔ ملاقات میں بین الافغان مذاکرات کے جلد انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔گزشتہ روز افغان طالبان کا اعلیٰ سطحی وفد آج پاکستان کے دورے پر پہنچا تھا۔  افغان طالبان کے وفد کو دورے کی دعوت وزارت خارجہ نے دی تھی۔

افغان طالبان کا وفد دوحا سے پرواز کیو آر 632 کے ذریعے اسلام آباد پہنچا۔ترجمان دفتر خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ افغان طالبان کا وفد وزارت خارجہ کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر پہنچا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان طالبان کا وفد افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے سے متعلق بات چیت کرے گا۔پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک ہفتے قبل افغانستان کے حوالے سے کہا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام فریقین معمولی نوعیت کے امور کا حل یقینی بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل سے متعلق کامیابی، اجتماعی کاوش کے باعث ملی ہے اور موجودہ صورتحال تک آئی ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ افغان فریقین مزید تعطل کے بغیر وسیع ترمذاکراتی عمل کا آغاز کریں۔وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ یہ تاریخی موقع ہے اور ہرممکن اندازمیں اس سے فائدہ اٹھانے پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے زور دے کرکہا تھا کہ اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔